لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے چائے کے وقفے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے۔
پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، تاہم عبداللہ شفیق صرف دو رنز بنا کر کگیسو ربادا کا شکار بن گئے۔
شان مسعود اور امام الحق نے شاندار 161 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ شان مسعود 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق سنچری سے صرف 7 رنز کی دوری پر 93 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل سعود شکیل پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے سینوران متھوسامی نے دو جبکہ کگیسو ربادا اور پرینیلان سبرائین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون: امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، حسن علی، شاہین آفریدی، نعمان علی، ساجد خان