June 21, 2025 · 1 min read
پاکستان ہاکی ٹیم نے پہلی بار نیشنز کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی
پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلی بار نیشنز کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ حتمی معرکے میں گرین شرٹس کا آج نیوزی لینڈ سے سامنا ہو گا۔ فائنل جیتنے کی صورت میں قومی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری، سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے شوٹ آؤٹ کے ذریعے فرانس کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ تین تین گول سے برابر رہا، پاکستان کی جانب سے پہلا گول اڑتیسویں منٹ میں افراز نے، بیالیسویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے محمد سفیان خان نے جبکہ تینتالیسویں منٹ میں محمد حماد الدین نے فیلڈ گول اسکور کیا
فرانس کی جانب سے زیویئر اور وکٹر نے گول اسکور کئے، پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں افراز، شاہد حنان اور رانا وحید نے پینلٹی شوٹ آؤٹس پر گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، سیمی فائنل میں مین آف دی میچ رانا وحید اشرف قرار پائے
نیشنز ہاکی کپ کا فائنل ہفتہ کے روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، حتمی معرکے میں کامیابی سمیٹنے پر قومی ٹیم پرو ہاکی لیگ کا حصہ بن سکے گی۔
Post Views: 332