KHI STORM KYAR WATER

سمندری طوفان کیار کے باعث کراچی میں سڑکوں‌پر پانی جمع

کراچی: سمندری طوفان کیار کے باعث شہر میں آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے. جب کہ طوفان کی شدت سے سمندر کا پانی سڑک پر آگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سائیکلون کیار کے باعث آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور شمال مشرق سے 18 سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے. شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 33فیصد ہے۔

دوسری جانب سمندری طوفان کیار کے باعث رات گئے سمندر کی سطح بلند ہوگئی اور ساحلی پٹی پر واقع علاقے زیر آب آگئے۔ طوفان کے باعث ابراہیم حیدری کےعلاقے ریڑھی گوٹھ، لٹھ بستی اور چشتہ گوٹھ کے گھروں میں سمندری پانی داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے سبب مچھیروں کو گہرے سمندرمیں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں طوفان کی وجہ سے سمندر میں بلند لہریں اٹھنے کی وجہ سے ہاکس بے جانے والی سڑک پر پانی آگیا جب کہ ٹھٹہ کی ساحلی پٹی بھی زیر آب گئی۔

گوادر میں میں بھی سمندری لہروں سے پسنی اور اوماڑہ کےنشیبی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ بحیرہ عرب سے اٹھنےوالا سپر سائیکلون کیار شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے. سمندری طوفان کا رخ اومان کی جانب ہے جو کراچی سے 750کلومیٹر دور ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ 30 اکتوبر تک مغربی ہواؤں کا سسٹم سائیکلون پر اثر انداز ہوسکتا ہے. مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سائیکلون کو کمزور کردے گا یا رخ جنوب کی جانب کرسکتا ہے.

سردار سرفراز کے مطابق سائیکلون کیار کے اثرات 2 نومبر تک رہیں گے. 30 اکتوبر کو بھارت کےجنوب مغرب میں کرناٹک کےقریب ہواکاایک اورکم دباؤ بن سکتا ہے. جس کے باعث ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن یا سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے. سائیکلون بننے کی صورت میں اسے ماہا کا نام دیا جائے گا۔
بحیرہ عرب میں طوفان کے باعث کمشنر کراچی نے شہرمیں دفعہ 144نافذ کرنے کی سفارش کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں