بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا۔ حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔ بھارتی طیارہ حادثے میں دو سو ساٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
احمدآباد طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں طیارے کے فیول سوئچ کٹ آف ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پندرہ صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق اڑان بھرنے کے فوراً بعد طیارے کے دونوں انجنز کے فیول سوئچ ایک ایک کر کے بند ہو گئے۔ فیول سوئچ بند ہوتے ہی انجن کو ایندھن کی فراہمی بند ہوئی اور جہاز کی اونچائی میں کمی ہونے لگی۔
فیول کنٹرول سوئچز انجن بند کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔اور ان کو بند کرنے کا طریقہ دو مراحل پر مشتمل ہے۔یہ سوئچز ایسے بنائے گئے ہیں کہ انہیں حادثاتی طور پر نہیں ہلایا جا سکتا۔ سوئچ کو پہلے اٹھانا پڑتا ہے، پھر نیچے کی طرف منتقل کرنا ہوتا ہے۔ہر انجن کے لیے علیحدہ سوئچ ہوتا ہے۔