July 13, 2025 · 1 min read
بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا
بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا۔ حادثے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔ بھارتی طیارہ حادثے میں دو سو ساٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
احمدآباد طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں طیارے کے فیول سوئچ کٹ آف ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پندرہ صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق اڑان بھرنے کے فوراً بعد طیارے کے دونوں انجنز کے فیول سوئچ ایک ایک کر کے بند ہو گئے۔ فیول سوئچ بند ہوتے ہی انجن کو ایندھن کی فراہمی بند ہوئی اور جہاز کی اونچائی میں کمی ہونے لگی۔
کاک پٹ کی ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ دوسرے سے پوچھتا ہے کہ فیول سوئچ کیوں کٹ آف کیا؟جواب میں دوسرے پائلٹ نے کہا کہ اس نے ایسا نہیں کیا۔
فیول کنٹرول سوئچز انجن بند کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔اور ان کو بند کرنے کا طریقہ دو مراحل پر مشتمل ہے۔یہ سوئچز ایسے بنائے گئے ہیں کہ انہیں حادثاتی طور پر نہیں ہلایا جا سکتا۔ سوئچ کو پہلے اٹھانا پڑتا ہے، پھر نیچے کی طرف منتقل کرنا ہوتا ہے۔ہر انجن کے لیے علیحدہ سوئچ ہوتا ہے۔
پائلٹس کی گفتگو کے چند سیکںڈز میں دونوں سوئچ دوبارہ رن پوزیشن پر منتقل کیے گئے۔ایک انجن شروع ہوا اور دوسرا مکمل اسٹارٹ نہ ہو سکا۔
فیول سوئچ کٹ آف ہونے کے نو سیکنڈ بعد پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو مے ڈے کال دی۔
رپورٹ کے مطابق طیارے نے اڑان بھرنے کے لئے 180 ناٹ کی مطلوبہ رفتار حاصل کر لی تھی لیکن اگلے 23 سیکنڈ میں ہی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
Post Views: 270