عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ پاپارازی کے رویے پر برہم، کہتی ہیں ‘مجھے اکیلا چھوڑ دو’
بالی ووڈ اداکار عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ نے میڈیا اور پاپارازی کے مسلسل پیچھا کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ ایک وائرل ویڈیو میں، انہیں کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’’ارے مجھے اکیلا چھوڑ دو نا، میں بس واک پر جا رہی ہوں‘‘ ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گوری سپراٹ شہر میں چہل قدمی کے لیے نکلی تھیں اور فوٹوگرافرز نے ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا تھا ۔
عامر خان کے ساتھ اپنے تعلق کے اعلان کے بعد سے، گوری مسلسل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں ۔ حالانکہ عامر خان نے شروع ہی میں واضح کر دیا تھا کہ گوری کو نہ تو شہرت کی خواہش ہے اور نہ ہی انہیں میڈیا کی توجہ پسند ہے ۔ اس سے قبل، عامر خان اور گوری کو ایئرپورٹ پر بھی دیکھا گیا تھا، جہاں پاپارازی نے ان کی رومانوی لمحات کی تصاویر لی تھیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھیں ۔
عامر خان نے 60 سال کی عمر میں اپنے اس نئے رشتے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا تھا ۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ گوری کے ان کی زندگی میں آنے کے بعد ہی انہوں نے شادی نہ کرنے کا فیصلہ بدلا ۔ اداکار نے مزید کہا کہ ’’گوری مجھے اس وقت ملی جب میں سمجھ بیٹھا تھا کہ اب میری عمر گزر چکی ہے۔ میں نے تھراپی شروع کی تھی اور وہاں سے سیکھا کہ پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے، تبھی آپ دوسروں کو سچ میں محبت دے سکتے ہیں۔‘‘