بینکاک کی مصروف شاہراہ پر 160 فٹ گہرا گڑھا، تین گاڑیاں دھنس گئیں
بینکاک:تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کی ایک مصروف شاہراہ پر اچانک ایک بہت بڑا گڑھا بن گیا، جس کی گہرائی تقریباً 160 فٹ اور چوڑائی 98 فٹ تھی۔ اس حادثے میں تین گاڑیاں گڑھے میں جاگریں اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
یہ واقعہ 24 ستمبر، بدھ کی صبح سام سین روڈ پر ایک اسکول کے سامنے پیش آیا۔ رائل تھائی پولیس کے مطابق، زمین کا ایک بڑا حصہ 30 بائے 30 میٹر کے رقبے پر 50 میٹر کی گہرائی تک دھنس گیا۔ اس کے بعد دو بجلی کے کھمبے اور پولیس اسٹیشن کی ایک کار بھی گڑھے میں گر گئی۔ یہ مقام ایک اسپتال اور پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، اس حادثے کے نتیجے میں قریبی سام سین میٹروپولیٹن پولیس اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصروف شاہراہ پر اچانک زمین دھنسنے سے گاڑیاں الٹی سمت بھاگنے لگیں۔
واقعے کے بعد واجیرا اسپتال اور آس پاس کے گھروں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے، مسلسل بارش اور خراب موسم کے باوجود اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بینکاک کے گورنر چڈچارٹ ستیپنٹ نے بتایا کہ یہ گڑھا زیرِ زمین میٹرو اسٹیشن کی تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث بنا ہے۔
پولیس نے متاثرہ مقام کی تصاویر جاری کر دی ہیں، اور نیشنل پولیس کمشنر نے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان اقدامات میں بڑی پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت اور عوام کو ہر ممکن امداد کی فراہمی شامل ہے۔