بوبی دیول کے بیٹے بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کو تیار
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار بوبی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دونوں بیٹے، آریامن اور دھرم دیول، اداکاری کے شعبے میں اپنا کیریئر شروع کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بوبی دیول اس وقت اپنے فنی کیریئر کے عروج پر ہیں۔ تین دہائیوں پر مشتمل طویل سفر کے باوجود وہ نئی توانائی کے ساتھ فلموں اور ویب سیریز میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان دنوں بوبی دیول شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈیبیو سیریز میں اپنی بہترین اداکاری سے ایک بار پھر ناظرین کو متاثر کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بوبی دیول نے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا آریامن اپنی محنت اور لگن کے ذریعے بالی ووڈ میں مقام بنانا چاہتا ہے۔ بوبی نے کہا، “میں اپنے بیٹوں کو ہمیشہ سمجھاتا ہوں کہ کامیابی راتوں رات نہیں آتی، بلکہ مستقل محنت سے حاصل ہوتی ہے۔”
انہوں نے اپنی اہلیہ تانیا دیول کو اپنی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کا ساتھ دیتی ہیں۔
بوبی دیول اس وقت کئی نئے پراجیکٹس میں مصروف ہیں، جن میں “بندر” اور “الفا” شامل ہیں۔ ان کی حالیہ سپر ہٹ فلم “انیمل” میں منفی کردار کو شائقین اور ناقدین نے بےحد سراہا تھا۔