اسلام آباد، پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں فلپائن کی معروف دواساز کمپنی کی ذیلی شاخ ٹو ورلڈ ٹریڈرز پاکستان نے اسلام آباد میں اپنے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جس سے پاکستان اور فلپائن کے درمیان دواسازی، ویکسین اور حیاتیاتی مصنوعات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
نئے دفتر کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کیا۔ تقریب میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل (کراچی) ڈاکٹر عمران یوسف، سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) ڈاکٹر عبید اللہ، شفا انٹرنیشنل ہسپتال، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف لائف سائنسز (ڈی آئی ایل ایس) کے نمائندگان اور سینئر صنعتکار و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنینڈز نے کہا کہ ٹو ورلڈ ٹریڈرز پاکستان کا قیام نہ صرف کمپنی بلکہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور صحت کے شعبے کے اشتراک میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلپائن میں رجسٹرڈ دواساز کمپنی کی موجودگی پاکستان کی مارکیٹ پر اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے صحت، سپلائی چین اور دوطرفہ تجارت میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

فلپائنی سفیر نے کہا کہ ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات مضبوط اور مؤثر صحت کے نظام کے لیے ناگزیر ہیں، اور ٹو ورلڈ ٹریڈرز جیسے کاروباری اقدامات عوامی صحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ دوطرفہ معاشی تعلقات کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
ڈریپ کے سی ای او ڈاکٹر عبید اللہ نے ادویات اور ویکسین کے شعبے میں تجارت کے فروغ کے لیے ریگولیٹری تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عالمی معیار اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

