ملک کے شمالی علاقوں میں بارش کی تباہ کاریاں — جانی و مالی نقصان، سڑکیں بند

شمالی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ

ملک کے شمالی علاقوں میں بارش کی تباہ کاریاں — جانی و مالی نقصان، سڑکیں بند

پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی ہے۔ بابوسر ٹاپ پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں سے چلاس میں تین سیاح جاں بحق جبکہ 15 سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ آٹھ سے زائد گاڑیاں پانی کی نذر ہو گئیں، جبکہ 14 سے 15 مقامات پر ٹریفک معطل ہے۔

ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔

سوات اور بونیر کی صورتحال:
سوات کے علاقے مدین میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق، ایک خاتون زخمی ہوئی۔ مالم جبہ کے قریب سیلابی ریلے میں دو بچے جاں بحق ہوئے۔
بونیر کے مختلف علاقوں میں سیلابی پانی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔

آزاد کشمیر:
بالائی نیلم میں جانوئی نالے میں طغیانی سے چھ دکانیں، تین گھر اور ایک میڈیکل اسٹور بہہ گئے۔ نالے پر قائم پل بھی تباہ ہو گیا۔

دیگر علاقے:
بالاکوٹ اور وادی کاغان میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جس کے سبب سڑکیں بند اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مقامی افراد نے ملبے میں پھنسی سیاحوں کی گاڑی کو باہر نکالا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو حکام کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *