آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی جنگ کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کا ردعمل ان کی توقعات سے کہیں زیادہ شدید اور نقصان دہ ہوگا۔
یہ بات انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی رہی، اور دشمن کی جارحیت کے خلاف تاریخی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے رافیل طیاروں کو مار گرایا، دشمن کی کئی بیسز بشمول S-400 سسٹمز کو نشانہ بنایا، اور ملٹی ڈومین وارفیئر کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
“پاکستان کی مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔”
— فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا فوجی و اقتصادی نقصان اس کی توقعات سے کہیں زیادہ ہوگا، اس لیے بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور مسائل کو برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کرے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل میں بھی کردار ادا کیا اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو دبانے والے ظلم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
اسی طرح پاکستان نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان پراکسی گروپس کو روکے جو پاکستان پر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے یہ “ہائرڈ گنز” اس کی بزدلی اور ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 152 ویں لانگ کورس سمیت مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔
تقریب میں 40 دوست ممالک کے کیڈٹس بھی شریک ہوئے جن میں عراق، مالدیپ، نیپال، فلسطین، سری لنکا، یمن، نائیجیریا، قطر اور بنگلا دیش شامل ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈز سے نوازا۔