ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

hailstorm rain alert

ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد / راولپنڈی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران آندھی، بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے وارننگ
بدھ کی شام اسلام آباد میں ہونے والی ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گجرات اور جہلم میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔

پنجاب کے کئی اضلاع متاثر
لاہور، فیصل آباد، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی الرٹ
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ملاکنڈ، ہزارہ، بنوں، چارسدہ، کرک، مردان، نوشہرہ اور سوات میں شدید موسمی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز کی اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو خاص احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

فلڈنگ کا بھی امکان
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل
ترجمان کے مطابق، عوام این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ  سے موسمی حالات سے باخبر رہیں اور سفر سے قبل متعلقہ سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *