جیولن تھرو میں ارشد ندیم اولمپکس کے بعد ایشین چیمپئن بھی بن گئے

ارشد ندیم جیولن تھرو

بھارت کو ایک اور شکست۔ ارشد ندیم کا ایک اور عظیم کارنامہ، ارشد ندیم اولمپکس کے بعد ایشین چیمپئن بھی بن گئے، قومی ہیرو نے ایشین ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا، ارشد ندیم نے باون برس بعد  ایشین ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوایا، جیولن تھرو کے فائنل میں چھیاسی اعشاریہ چار صفر میٹر دور نیزہ پھینکا، ارشد ندیم کی ایک اور کامیابی پر ملک بھر میں جشن

جذبہ، لگن اور محنت رنگ لے آئی۔ پاکستان کی شان، پاکستان کی آن، ارشد ندیم نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا

جنوبی کوریا کے شہر گومی میں ایشیئن اتھلیٹکس چمپئن شپ کے مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔ جیولن تھرو میں ارشد ندیم نے آخری باری میں 86.40 میٹر کی تھرو کی اور  دو بھارتی کھلاڑیوں سمیت سب کو مات دے دی۔ اولپمیئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں پہلی تھرو  پچھتر اعشاریہ چھ چار  میٹر کی لگائی

قومی ہیرو نے دوسری باری میں چھہتر اعشاریہ آٹھ صفر  میٹر کی تھرو پھینکی۔ ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں پچاسی اعشاریہ پانچ سات میٹر دور نیزہ  پھینک کر پہلے آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔ پچھتر اعشاریہ تین نو میٹر دور تھرو پھینک کر پاکستان کے یاسر سلطان بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو تراسی اعشاریہ نو نو میٹر  جبکہ پانچویں تھرو تراسی اعشاریہ چار چار میٹر دور پھینکی۔ بھارت کے  سچن یادیو اپنی چھٹی اور آخری کوشش میں پچاسی اعشاریہ ایک چھ میٹر دور  تھرو پھینک کر پہلے نمبر پر آئے مگر ان کی خوشی عارضی ثابت ہوئی

پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی آخری تھرو میں خوب جان لگائی اور چھیاسی اعشاریہ چار صفر میٹر دور تھرو پھینک کر پاکستان کو گولڈ میڈل دلوایا

جیولن تھرو کے مقابلوں میں بھارت کے سچن یادیو دوسرے نمبر پر رہے۔ جاپان کے کھلاڑی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔پاکستان کے یاسر سلطان آٹھویں نمبر پر رہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *