پاکستان بمقابلہ بھارت: کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج کولمبو میں

پاکستان بمقابلہ بھارت

پاکستان بمقابلہ بھارت: کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج کولمبو میں


دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج کولمبو میں ہو گا، جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شام ساڑھے چھ بجے  میدان میں اتریں گی۔

گرین شرٹس تیار، ٹاس کلیدی کردار ادا کرے گا

ٹی 20 ورلڈ کپ کے اس اہم مقابلے کے لیے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہاؤس فل شو ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ کے لیے بھرپور تیاری کر لی ہے۔ کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم کا حتمی فیصلہ کریں گے، جبکہ ٹاس اس میچ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ستاروں کی جنگ اور سپنرز کا مقابلہ

میچ میں کھلاڑیوں کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔ ایک طرف شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی تیز رفتاری تو دوسری طرف بمرا اور سراج کی باؤلنگ صلاحیتیں ہوں گی۔ بیٹنگ لائن میں بابراعظم، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب بھارتی باؤلرز کا مقابلہ کریں گے، جبکہ بھارت کی جانب سے سوریا کماریادو، ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا میدان سجائیں گے۔ سپن کے شعبے میں ورن چکرا ورتی اور اکشر پٹیل کا مقابلہ ابرار اور عثمان طارق سے ہوگا۔

موسم اور شائقین کا جوش

میچ سے قبل کولمبو میں موسم رنگ میں بھنگ ڈالنے کو تیار ہے۔ آندھی کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جو کھیل میں خلل ڈال سکتی ہے۔

موسم کی صورتحال کے باوجود، شائقین کرکٹ کا جوش عروج پر ہے۔ سری لنکا میں شائقین کا تانتا بندھ گیا ہے اور دنیا بھر سے کرکٹ مداح کولمبو پہنچ چکے ہیں۔ ہوٹلوں میں جگہ ختم ہو چکی ہے اور ایئرلائنز نے ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ واضح رہے کہ 35,000 گنجائش والے اسٹیڈیم کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ٹکٹوں کی ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *