انڈیا سے پاکستان آنے والی انجو اِن دنوں اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ گھر پر موجود ہیں۔ اب تک انہوں نے خیبر پختونخوا کے کئی سیاحتی مقامات سمیت دیگر خوبصورت علاقوں کی سیر کی ہے۔ لوگ آج بھی نصراللہ کے گھر آتے ہیں اور انجو سے ملاقات کرتے ہیں۔ دونوں سوشل میڈیا پر بھی ویڈیوز اور تصاویر جاری کرتے ہیں۔ آج اتوار کو پاکستان اور انڈیا کا میچ انجو اور نصراللہ ایک ساتھ اپنے گھر میں دیکھیں گے۔
انجو نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلے تو کرکٹ کا شوق نہیں تھا لیکن پاکستان آنے کے بعد اُن کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ میچ کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ گھر پر ہی میچ دیکھیں گی۔ یہاں آنے کے بعد جب بھی وقت ملتا ہے اور پاکستان کا میچ ہوتا ہے تو ہم دونوں ساتھ ہی دیکھتے ہیں۔‘
انجو نے بتایا کہ ’وہ انڈیا میں میچز نہیں دیکھتی تھیں یہ پہلی بار ہے کہ میں نے کرکٹ میچز دیکھنا شروع کیے ہیں۔ کسی کے جیتنے یا ہارنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں تھی لیکن یہاں لوگ میچز بہت زیادہ دیکھتے ہیں تو میری بھی دلچسپی بڑھنا شروع ہوئی اور اب خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان ہی جیتے۔ پاکستان اور انڈیا کی ٹیم میں انہوں نے پاکستان کو چُنا اور بتایا کہ اُن کو شاہین شاہ آفریدی زیادہ اچھے لگتے ہیں۔
پہلے مجھے کسی پاکستانی کھلاڑی کا نام نہیں آتا تھا لیکن اب میں میچ دیکھتی ہوں اور مجھے شاہین شاہ آفریدی پسند ہیں اور 14 اکتوبر کے میچ میں پاکستان کو ہی سپورٹ کروں گی۔ نصر اللہ نے کا کہنا ہے کہ ’میں نے جب بھی پوچھا ہے تو انجو نے پاکستان کا نام ہی لیا ہے اور وہ پاکستان کو ہی سپورٹ کرتی ہیں۔ ہم دونوں کی ٹیم پاکستان اور پسندیدہ کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں۔